سعودی عرب، وزارت داخلہ کی انٹرنیشنل فالکن اینڈ ہنٹنگ فیسٹول موقع پر خصوصی امیگریشن مہر جاری

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 10:20

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ نے سعودی فالکن کلب کے تعاون سے انٹرنیشنل فالکن اینڈ ہنٹنگ فیسٹول کے موقع پر خصوصی امیگریشن مہر جاری کی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق ریاض کے علاقے ملھم میں سعودی فالکن کلب کے زیر اہتمام انٹرنیشنل فالکن اینڈ ہنٹنگ فیسٹول 2 سے 11 اکتوبر تک جاری رہے گاجس میں 45 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے 1300سے زائد بازوں کے ماہرین اور اس شعبے کے معروف برانڈز شرکت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کی اس ایونٹ پر جاری کی جانے والی خصوصی امیگریشن مہر ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، دمام کے شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ کے علاوہ مشرقی ریجن کی بری سرحدی چیک پوسٹوں پر آنے والے مسافروں کے پاسپورٹس پر لگائی جائے گی۔ فیسٹول کے حوالے سے جاری کی گئی خصوصی امیگریشن مہر کا استعمال میلے کے اختتام تک جاری رہے گا جس کے بعد معمول کے مطابق مہر استعمال کی جائے گی۔ واضح رہے مملکت میں یہ روایت ہے کہ مختلف اہم مواقع پر وزارت داخلہ کی جانب سے خصوصی امیگریشن مہر جاری کی جاتی ہے تاکہ یہاں ہونے والے اہم مواقع تاریخی اعتبار سے محفوظ ہو سکیں۔