کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے وارڈ نمبر 8 کی خالی نشست پر ضمنی انتخابات5 اکتوبر کو ہوں گے

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 14:25

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے وارڈ نمبر 8 کی خالی نشست پر ضمنی انتخابات 5 اکتوبر (اتوار) کو ہوں گے جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ترجمان کنٹونمنٹ بورڈ کے مطابق انتخابی سامان کی ترسیل ریٹرننگ افسران کی نگرانی میں جاری ہے۔ ایڈیشنل سی ای او ارشد خان ریٹرننگ افسر جبکہ ڈپٹی سی ای او ناصر کمال اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر کے فرائض انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

یہ نشست سابق وائس پریذیڈنٹ حافظ حسین احمد کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ ضمنی انتخابات میں کل 4 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے مرحوم رکن کے صاحبزادے ملک عبدالصمد حسین کو ٹکٹ دیا ہے۔ وارڈ 8 میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 34 ہزار 92 ہے جن میں 17 ہزار 134 مرد اور 16 ہزار 958 خواتین شامل ہیں۔ شفاف اور منصفانہ پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے 26 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں مرد ووٹرز کے لئے 40 اور خواتین ووٹرز کے لئے 37 بوتھ مختص کئے گئے ہیں۔ انتخابات کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولنگ سٹیشنز پر 250 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے ۔