سی سی پی او پشاور کا مختلف علاقوں کا دورہ، داخلی و خارجی راستوں پر قائم چیک پوسٹوں پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 14:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) کیپٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور داخلی و خارجی راستوں، اہم تنصیبات اور حساس مقامات پر قائم پولیس چیک پوسٹوں پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ پولیس کے مطابق سی سی پی او نے موقع پر موجود افسران و اہلکاروں کی چیکنگ کے عمل کی براہ راست نگرانی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے الرٹ ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس جوانوں سے ملاقات کی اور بہترین کارکردگی اور عوامی خدمت کے جذبے پر انہیں نقد انعامات سے نوازا ۔ سی سی پی او پشاور نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کا اولین فریضہ ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر کی سکیورٹی اور امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ گشت اور چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایاجائے۔