بچوں کی بہتر نشوونما ،خواتین کیلئے محفوظ ،معاون ماحول کی فراہمی ترقی یافتہ معاشروں کی بنیادی ضرورت ہے ڈاکٹر ربابہ بلیدی

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 19:04

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بچوں کی بہتر نشوونما اور خواتین کے لیے محفوظ اور معاون ماحول کی فراہمی ترقی یافتہ معاشروں کی بنیادی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈگری گرلز کالج لورالائی میں فیمیل اسٹاف کے لیے قائم بے بی ڈے کئیر سینٹر کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ ڈے کئیر سینٹر کا قیام خواتین ملازمین کے لیے سہولت، تحفظ اور ذہنی سکون کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے خواتین اساتذہ اور دیگر عملہ اپنے بچوں کی بہتر نگہداشت کے ساتھ تدریسی اور انتظامی ذمہ داریاں زیادہ توجہ اور اعتماد سے انجام دے سکیں گی۔

(جاری ہے)

تقریب کے موقع پر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کو حکام کی جانب سے ڈے کئیر سینٹر کی سہولیات اور نظام سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

صوبائی مشیر نے ادارے کے احاطے میں پودا لگایا اور ملک و صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان خواتین کے لیے ایسے اقدامات کو فروغ دے رہی ہے جو انہیں معاشی اور سماجی طور پر خودمختار بنائیں۔ ورک پلیس ڈے کئیر مراکز نہ صرف خواتین کے کام کے بوجھ کو کم کرتے ہیں بلکہ انہیں اس یقین کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھانے کا حوصلہ دیتے ہیں کہ ان کے بچے محفوظ ماحول میں پروان چڑھ رہے ہیں۔

ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے مزید کہا کہ بچوں کی معیاری نگہداشت اور تربیت کو یقینی بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ آنے والی نسلیں باشعور اور باصلاحیت بن سکیں۔ خواتین کے بغیر معاشرتی ترقی ناممکن ہے، اس لیے حکومتِ بلوچستان خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :