اساتذہ قوم کے معمار اور معاشرے کی بنیاد ہیں، جن کی بدولت قومیں ترقی کی راہ پر گامزن ہوتی ہیں۔وزیر اعلی بلوچستان

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 19:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار اور معاشرے کی بنیاد ہیں، جن کی بدولت قومیں ترقی کی راہ پر گامزن ہوتی ہیں اساتذہ کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ اساتذہ ہمارے بچوں کے روشن مستقبل کے معمار ہیں، ان کی خدمات اور قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہماری حکومت نے تعلیم کے شعبے میں حقیقی اصلاحات متعارف کرائی ہیں، جن میں سولہ ہزار اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی ایک تاریخی قدم ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھرتی کے عمل میں 99.9 فیصد میرٹ کو یقینی بنایا گیا، تاکہ باصلاحیت اور اہل افراد کو موقع فراہم کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان پرعزم ہے کہ صوبے کے ہر بچے کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور تعلیم کے نظام میں پائیدار بہتری لائی جائے انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا احترام اور ان کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، کیونکہ ایک باوقار اور بااختیار استاد ہی ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھ سکتا ہے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ اساتذہ کی محنت، لگن اور کردار کا اعتراف کرنا ہمارا اخلاقی اور قومی فریضہ ہے۔