ژوب:اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس کی جانب سے گورنمنٹ ماڈل ہائیرسیکنڈری اسکول میں پروقار تقریب کا انعقاد

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 19:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) ژوب میں اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس کی جانب سے گورنمنٹ ماڈل ہائیرسیکنڈری اسکول میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع بھر سے پچاسی محنتی اور قابل اساتذہ کو ان کی اچھی کارکردگی کی بنیاد پر تعریفی اسناد دیے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ادارہ ہذا کے پرنسپل شیخ موسیٰ خان مندوخیل تھے، جبکہ تقریب میں ڈگری کالج کے پرنسپل، پروفیسرز، اساتذہ تنظیموں کے نمائندوں، ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ کے آفیسرز، ہیڈماسٹرز، سینئراساتذہ، سماجی رہنماؤوں اورمیڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی او تحصیل ژوب عبدالطیف مندوخیل نے کہا کہ عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر تقریب کے انعقاد کا مقصد تعلیم کے پیغمبرانہ پیشے سے وابستہ ان اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، جن کی محنت، لگن اور قربانیوں کے نتیجے میں دوردراز علاقوں میں دہائیوں سے غیرفعال اسکول فعال ہوگئے۔

(جاری ہے)

ایسے اساتذہ انتہائی نامساعد حالات اور مسائل کا مقابلہ کرکے تدریسی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

پرنسپل ڈگری کالج عبدالرحمن آمین، ڈائریکٹر سسٹم انالسٹ محمود یغور، پرنسپل شیخ موسیٰ خان مندوخیل، صدر کلرک ایسوسی ایشن ملک صحبت خان مندوخیل، عبدالقدیم مندوخیل، سابق صدر جی ٹی اے محمد ایوب مندوخیل، صدر جی ٹی اے آئینی حسن حقیار، محمد طاہر، ڈیوہ سھیل حریفال، شیرمحمد اور دیگر نے اساتذہ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ محض تعلیم دینے والے نہیں بلکہ وہ کردار سازی اور اخلاقی تربیت کے علمبرداربھی ہیں۔

محنتی اساتذہ کے انتخاب کو قابل ستائش اقدام قرار دیتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ترقی یافتہ معاشروں میں سب سے اعلیٰ مقام استاد کا ہے، لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں سب سے پسا ہوا طبقہ اساتذہ کا ہے۔ اساتذہ کی حوصلہ افزائی کیلئے تاریخ میں پہلی دفعہ ایک منفرد اور پروقار تقریب کے انعقاد پر ڈی ڈی او عبدالطیف مندوخیل داد کے مستحق ہیں۔مقررین نے اساتذہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی سطح پر امتحانات اور تعلیمی مقابلوں میں ژوب کے طلباء کا شامل ہونا یہاں کے اساتذہ کی شب و روز محنت کا ثمر ہے۔

عالمی یومِ اساتذہ ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ تدریس محض ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک مقدس ذمہ داری بھی ہے۔ قوم کی تعمیر و ترقی میں اساتذہ کے کردار کو بنیادی قرار دیتے ہوئے مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔دریں اثناء صدر بازار یونین ملک گل زمان ناصر، دولت خان حریفال اور شیخ شہنواز نے نے ڈی ڈی او عبدالطیف مندوخیل اور پرنسپل شیخ موسیٰ خان مندوخیل کو روایتی پگڑی اور ہار پہنائے۔ تقریب میں پچاسی اساتذہ میں ان کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر تعریفی اسناد تقسیم کیے گئے، جبکہ مہمانوں کو سوینئر پیش کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :