اساتذہ معاشروں کی فکری، اخلاقی اور عملی بنیادوں کے معمار ہوتے ہیں،غلام رسول عمرانی

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) وزیرِاعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا ہے کہ اساتذہ معاشروں کی فکری، اخلاقی اور عملی بنیادوں کے معمار ہوتے ہیں، جن کی محنت، علم اور رہنمائی کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔

سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ استاد محض علم دینے والا نہیں بلکہ کردار سازی، شعور بیداری اور انسانیت کی تربیت کرنے والا عظیم رہنما ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک باشعور، محنتی اور باکردار قوم کی تعمیر صرف تب ممکن ہے جب استاد کو اس کا جائز مقام اور عزت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ تعلیم اور تربیت کے بغیر ترقی کا کوئی خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، اس لیے اساتذہ کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے اساتذہ نے مشکل حالات اور وسائل کی کمی کے باوجود جس خلوص، محنت اور عزم سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، وہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ وہ چراغ ہیں جو اندھیروں میں روشنی پھیلاتے ہیں اور آنے والی نسلوں کو سمت دیتے ہیں۔

سردار بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ اساتذہ کے عالمی دن کا مقصد اس عظیم پیشے کے تقدس کو اجاگر کرنا اور اس عزم کی تجدید کرنا ہے کہ ہم اپنے اساتذہ کی عزت و توقیر کو برقرار رکھتے ہوئے ان کے تجربے اور رہنمائی سے اپنی سماجی و معاشی ترقی کے راستے روشن کریں گے۔

متعلقہ عنوان :