سعودی عرب، ریاض میں پہلی سعودی لائف سٹائل ویک نمائش آج شروع ہو گی

نمائش میں 140 سے زائد مقامی اور عالمی نمایاں برانڈز شرکت کریں گے،عرب ٹی وی

اتوار 5 اکتوبر 2025 14:00

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پہلی مرتبہ سعودی لائف سٹائل ویک نمائش پیر سے شروع ہو گی جو 8 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ عرب ٹی وی کے مطابق ریاض انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ہونے والی نمائش اپنی نوعیت کا پہلا بین الاقوامی ایونٹ ہے جو مختلف شعبوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کرے گا جن میں فیشن ، اسپورٹس وئیر اور ڈیزائن(فرنیچر اور انٹیریئر ڈیزائن)شامل ہیں۔

نمائش میں 140 سے زائد مقامی اور عالمی نمایاں برانڈز شرکت کریں گے ۔سعودی ڈیزائنرز کے جدید کلیکشنز کے ساتھ ساتھ اٹلی، سپین، پرتگال، جرمنی اور ترکیہ جیسے ممالک کے عالمی برانڈز بھی پیش کیے جائیں گے۔نمائش میں ملبوسات، جوتے، اسپورٹس وئیر اور ڈیزائن انوویشنز شامل ہوں گی۔

(جاری ہے)

یہ ایونٹ بین الاقوامی برانڈز کے مابین نئے روابط قائم کرنے اور ایک موثر، کثیر جہتی ڈسٹری بیوشن سسٹم کے ذریعے فیشن سیکٹر کو فروغ دینے میں مددگار ہوگا، خصوصا ایسے وقت میں جب سعودی عرب میں کپڑوں اور جوتوں کی صنعت وژن 2030 اور سرکاری اقدامات کی بدولت نمایاں ترقی کر رہی ہے۔

مزید برآں، یہ نمائش مقامی ڈیزائنرز کو عالمی رحجانات سے متعارف کرانے اور ان کے تجربات و مہارتوں کے تبادلے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرے گی جس سے ان کے لیے نئی مارکیٹنگ کے مواقع پیدا ہوں گے۔تقریب کے دوران ورکشاپس اور مکالماتی نشستیں بھی منعقد ہوں گی، جن میں مقامی و عالمی ماہرین اور ڈیزائنرز شرکت کریں گے۔