ڈیرہ اسماعیل خان ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کے حلقے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں ،فلائی اوورزکی تیاری

اتوار 5 اکتوبر 2025 14:10

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عبدالناصر خان نے صوبائی حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سردار علی امین گنڈہ پور کے حلقہ انتخاب میں شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں فلائی اوورز ، نکاسی آب کے منصوبوں ، مفتی محمود آئی ہسپتال اور کچہری روڈ ، ڈیال روڈ، گرڈ روڈکا تفصیلی دورہ کیا۔

ان کے ہمراہ ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ انجینئر زیشان خان گنڈہ پور، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ سید محمد ارسلان ، ایکسین سی اینڈ ڈبلیو اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے کچہری روڈپر بارشوں کے دوران پانی جمع ہونے کے مسئلے کے حل کے لیے نالے کی تعمیر کے کام کا معائنہ کیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر ایکسین پی ایچ ای زیشان خان گنڈہ پور نے ان کو نکاسی آب کے اس منصوبے پر تفصیلی بریفنگ بھی دی ، ڈپٹی کمشنر نے ایکسین سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایت کی کہ آئندہ ہفتے کے دوران سڑک کی تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے ،اسی طرحNLC/Nespak کیمپ آفس میں ڈپٹی کمشنر کو نیسپاک حکام نے فلائی اوورز کے منصوبے کے ڈیزائن، ٹائم لائنز اور پلاننگ پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے پرانی سبزی منڈی اور ٹانک اڈہ فلائی اوورزکے جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ یوٹیلٹی پولز کی منتقلی، تجاوزات اور زمین کے حصول سے متعلق امور پر بریفنگ لی گئی اور متعلقہ محکموں کو درکار کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ٹھیکیدار کو ہدایت دی گئی کہ ٹریفک کے لیے سڑک کھلنے کی صورت میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ منصوبے کی رفتار کا جائزہ لیا گیا اور اسے مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عبدالناصر خان نے زیرتعمیر گرِڈ روڈ اور ڈیال روڈ، بشمول سیوریج اور نالوں کے کام کا معائنہ کیا اور کہاکہ نکاسی آب کے موثر نظام کی بدولت علاقے میں نکاسی آب کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہوجائیگا، انہوں نے اس موقع پر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے زیر اہتمام روڈز کی تعمیر کے کام کی رفتار کو تیز کرنے اور کام کے دوران دن میں تین مرتبہ پانی کے چھڑکائو کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ لوگوں کو مٹی اور دھول سے نجات مل سکے، ڈپٹی کمشنر نے انصاف پارک کا دورہ بھی کیا ،صفائی، دیکھ بھال اور عوامی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ٹی ایم او ڈیرہ محمد حنیف چوغطہ کو صفائی اور روشنی کے نظام کو بہتر بنانے اور باقاعدہ دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔\378