خیبرپختونخوا حکومت نے ایمل ولی خان کو سیکیورٹی اہلکار واپس دے دیے

عوام بے بنیاد پراپیگنڈوں کے بجائے سرکاری ذرائع سے جاری معلومات پر انحصار کریں، صوبائی ترجمان ایمل ولی خان سے سیاسی اختلاف کے باوجود مکمل حفاظت کی جائے گی،ذاتی طور پر ان کی سیکیورٹی ڈیوٹی کروں گا، بیرسٹر سیف

اتوار 5 اکتوبر 2025 18:00

خیبرپختونخوا حکومت نے ایمل ولی خان کو سیکیورٹی اہلکار واپس دے دیے
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان کو سیکیورٹی اہلکار واپس دے دیے گئے۔اتوار کوخیبر پختونخوا حکومت نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے ایمل ولی خان کی سیکیورٹی میں کسی قسم کی کمی یا واپسی نہیں کی۔صوبائی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ ایمل ولی سے مرضی اور اعتماد کے اہلکاروں کی فہرست حاصل کی گئی ہے تاکہ انہیں سیکیورٹی فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایمل ولی خان کو ضروری سیکیورٹی پہلے ہی فراہم کی جا رہی ہے، عوام بے بنیاد پراپیگنڈوں کے بجائے سرکاری ذرائع سے جاری معلومات پر انحصار کریں۔صوبائی حکومت کے ترجمان نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی کیسربراہ نے ریجنل پولیس آفیسر کو اپنے قابلِ اعتماد اہلکاروں کے نام فراہم کر دیے ہیں، حالات کے پیش نظر ان کے اعتماد کے اہلکاروں کو سیکورٹی پر مامور کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق وزیراعلی علی امین گنڈا پور نے حکم دیا ہے کہ اگر ایمل ولی خان کو مزید اہلکار درکار ہوں تو فوری طور پر فراہم کیے جائیں۔ صوبائی حکومت ایمل ولی خان کی حفاظت کو اولین ترجیح سمجھتی ہے، کسی سطح پر غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،اس سے قبل عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے بیان جاری کیا تھا جس میں دعوی کیا گیا تھا کہ پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی سے وفاقی سیکیورٹی کے بعد خیبرپختونخوا پولیس بھی واپس لے لی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایمل ولی کی سیکیورٹی پر تعینات صوبائی پولیس اہلکاروں کو لائن حاضرکردیا گیا۔ترجمان کے مطابق ایمل ولی خان کو درپیش خطرات سے متعلق پہلے ہی متعدد بار حکومت کو آگاہ کیا جا چکا ہے، مگر اس کے باوجود سیکورٹی ہٹانے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔دوسری جانب، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے ایک بیان میں کہا کہ ایمل ولی خان پریشان نہ ہوں وزیراعلی کے احکامات کے مطابق ان کی سیکیورٹی یقینی بنائیں گے۔

انہوںنے کہاکہ ایمل ولی خان سے سیاسی اختلاف کے باوجود ان کی مکمل حفاظت کی جائے گی، ضرورت پڑی تو میں ذاتی طور پر ان کی سیکیورٹی ڈیوٹی کروں گا۔انہوں نے کہا کہ ایمل ولی خان کو وفاقی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کے سامنے تنہا نہیں چھوڑیں گے۔واضح رہے کہ سینیٹر ایمل ولی خان نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں دعوی کیا تھا کہ وفاقی وزارتِ داخلہ نے ان اور ان کے خاندان کو فراہم کی جانے والی تمام سرکاری سیکیورٹی واپس لے لی ہے۔