پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک بھارہ کہو زون کے زیر اہتمام سالانہ مقابلۂ حُسنِ نعت رسول مقبول ﷺ کا انعقاد

پیر 6 اکتوبر 2025 22:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک بھارہ کہو زون کے زیرِ اہتمام سالانہ مقابلۂ حُسنِ نعت رسول مقبول ﷺ کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سکولوں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور نبی آخرالزماں ﷺ سے محبت کا والہانہ اظہار کیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی مرکزی صدر پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک ڈاکٹر محمد افضل بابر تھے جنہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نصابی و ہم نصابی سرگرمیاں بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

نعت خوانی جیسی سرگرمیاں طلبہ میں عشقِ رسول ﷺ کو فروغ دیتی ہیں اور انہیں باعمل مسلمان اور بہتر شہری بننے کی ترغیب دیتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کی خداداد صلاحیتوں کو نرسری جماعت سے نکھار کر زندگی بھر کے لیے سنوارا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارہ کہو زون کی نومنتخب باڈی کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی۔مقابلے میں پرائمری لیول پر پہلی پوزیشن اسلامک فاؤنڈیشن سکول کے محمد ساحل نے حاصل کی۔

دوسری پوزیشن مریم رحمان (الفلاح پبلک سکول) اور ہانیہ صادق (ڈیسنٹ پبلک سکول) نے مشترکہ طور پر حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن علی مہدی (کیمرج سکول سیری چوک) اور ارفع ناصر (دی برٹش سکول) کے نام رہی۔سیکنڈری لیول پر پہلی پوزیشن محمد محسن (یونس فاؤنڈیشن سکول)، دوسری پوزیشن ایان علی (دی برٹش سکول)، اور تیسری پوزیشن اذکیٰ نور (اقرا پبلک سکول) نے حاصل کی۔تقریب کے ججز میں حافظ توقیر حسین کاظمی، محمد طلحہ اور سمیرا ہارون شامل تھے، جنہوں نے بچوں کے ساتھ مل کر نبی پاک ﷺ کی بارگاہ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔اختتام پر مہمانِ خصوصی نے تمام زونل و مرکزی عہدیداران، ججز کے ہمراہ طلبہ میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو ٹرافیاں پیش کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :