لاہور ہائیکورٹ،کسٹم ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم، ٹرالر ضبطی کیس دوبارہ سماعت کیلئے بھیج دیا

منگل 7 اکتوبر 2025 15:01

لاہور ہائیکورٹ،کسٹم ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم، ٹرالر ضبطی کیس دوبارہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے اسمگلنگ میں ضبط کئے گئے ٹرالر کو چھوڑنے سے متعلق کسٹم ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور کیس دوبارہ سماعت کیلئے ٹربیونل کو بھجوا دیاگیا۔ جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے محکمہ کسٹم کی درخواست پر سماعت کی۔محکمہ کسٹم کی جانب سے ایڈووکیٹ کلیم الیاس نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ کسٹم ٹربیونل نے حقائق کی مکمل جانچ پڑتال کئے بغیر فیصلہ جاری کیا۔

(جاری ہے)

محکمہ کسٹم کے مطابق ٹرالر کو ضبط کر لیا گیا تھا، مگر ٹرالر مالکان کی درخواست پر ٹربیونل نے اسے چھوڑنے کا حکم دے دیا۔کسٹم ٹربیونل نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ ٹرالر کا مالک بطور ٹرانسپورٹر کام کرتا ہے اور اسے مال کی نوعیت کا علم نہیں تھا،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ تعین کرنا ضروری تھا کہ آیا ٹرالر ایک ہی شخص کا مال لے جا رہا تھا یا متعدد افراد کا،عدالت نے قرار دیا کہ ٹربیونل نے یہ پہلو نظرانداز کیا اور مکمل تحقیق کے بغیر فیصلہ دیا،لہذا کیس دوبارہ سماعت کے لیے کسٹم ٹربیونل کو بھجوایا جاتا ہے۔