امریکا کا وینزویلا کے ساتھ سفارتی مذاکرات ختم کرنے کا اعلان

منگل 7 اکتوبر 2025 17:43

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو سے سفارتی مذاکرات ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام سفارتی روابط منسوخ کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ امریکی اخبار "دی نیویارک ٹائمز" کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے یہ فیصلہ ایک اعلیٰ سطحی عسکری اجلاس کے دوران کیا۔امریکی صدر نے اپنے خصوصی صدارتی ایلچی رچرڈ گرینیل کو حکم دیا کہ وہ وینزویلا کے صدر اور دیگر اعلیٰ حکام سے جاری تمام مذاکرات فوری طور پر بند کر دیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نےنکولس مادورو کی جانب سے اقتدار چھوڑنے سے انکار اور منشیات کی اسمگلنگ میں ممکنہ ملوث ہونے کی تردید پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس پیش رفت کے بعد جنوبی امریکہ میں امریکی پالیسی میں ممکنہ عسکری اقدامات کا دروازہ کھل سکتا ہے، خصوصاً منشیات فروشوں اور مادورو حکومت کے خلاف کارروائی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے ایک مرتبہ پھر الزام لگایا ہے کہ امریکہ منشیات کے مسئلے کو بہانہ بنا کر لاطینی امریکا میں فوجی مداخلت اور حکومت کی تبدیلی کی کوششوں میں مصروف ہے۔ تاہم، امریکی ادارے ڈی ای اے (ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن) کی 2020 کی رپورٹ کے مطابق وینزویلا، امریکا میں منشیات اسمگلنگ کا بڑا ذریعہ نہیں ہے، اگرچہ کچھ کوکین جنوبی امریکا سے وینزویلا کے راستے ضرور جاتی ہے۔