ڈپٹی کمشنر لکی مروت کی زیر صدارت محکمہ صحت کا اجلاس ، مراکز صحت کی صورتحال و فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا

منگل 7 اکتوبر 2025 16:15

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر لکی مروت حمیداللہ خٹک نے شعبہ صحت کے ہیلتھ مانیٹرنگ اسٹاف کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں ضلع بھر کے مراکز صحت کی صورتحال، عملے کی حاضری و کارکردگی، ادویات کی دستیابی، صفائی کے انتظامات اور عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مانیٹرنگ سٹاف کو ہدایت کی کہ معائنہ رپورٹس بروقت جمع کرائیں، عملے کی روزانہ کی حاضری یقینی بنائیں اور عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی کے عمل کو مزید مؤثر بنائیں۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر لکی نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام کے ساتھ ملاقات کی ،جس میں ضلع لکی مروت کی شاہراہوں کی خستہ حالی، مرمت، دیکھ بھال اور لنک روڈز کی تعمیرات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سڑکوں کی بروقت مرمت، صفائی اور بحالی کے کاموں کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہائی وے اور متصل سڑکوں کی دیکھ بھال اور تعمیرات جلد از جلد مکمل کی جائیں۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے ڈپٹی کمشنر کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل و شکایات کے فوری حل کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔