معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹی مینجمنٹ نے سرگودہا میں زرعی نمائش و کسان میلے کا افتتاح کر دیا

منگل 7 اکتوبر 2025 17:55

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے پرائس کنٹرول اینڈ کموڈیٹی مینجمنٹ سلمیٰ بٹ نے آرٹس کونسل کمپلیکس سرگودہا میں زرعی نمائش و کسان میلہ 2025 کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر چیئرمین زرعی نمائش و کسان میلہ ملک تیمور حیات نون، اے ڈی سی ہیڈکوارٹر ماجد بن احمد، اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا شیریں گل، ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین، دیگر افسران، سول سوسائٹی کے نمائندے، طلبہ، کسان اور شہری بڑی تعداد میں موجود تھے۔

نمائش میں زرعی تحقیقاتی اداروں، بیج تیار کرنے والی کمپنیوں، کھاد بنانے والی کمپنیوں اور زرعی مشینری تیار کرنے والے اداروں کے درجنوں سٹالز لگائے گئے۔ ان سٹالز پر جدید ٹیکنالوجی، کھادوں کے موثر استعمال، اعلیٰ معیار کے بیج، زرعی سپرے اور جدید آلات کے استعمال کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ نے سٹالز کا دورہ کیا اور مختلف کمپنیوں کے نمائندوں سے بات چیت کی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب کا وژن کسانوں کو بااختیار بنانا ،ان کی پیداواری لاگت کم اور منافع بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے بغیر زراعت کی ترقی ممکن نہیں اس لئے ایسے میلوں کے انعقاد سے کسانوں کو جدید رجحانات سے آگاہی ملتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر زرعی شعبے میں اصلاحات اور سہولیات کی فراہمی کے لئے متعدد پروگرامز شروع کئے گئے ہیں تاکہ کسانوں کو براہِ راست فائدہ پہنچایا جا سکے۔

چیئرمین زرعی نمائش و کسان میلہ نے کہا کہ سرگودہا خطہ زراعت میں اپنی شناخت رکھتا ہے، یہاں کے کسان محنتی اور باصلاحیت ہیں۔ اس میلے کا مقصد زراعت سے وابستہ تمام اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا اور کسانوں کو جدید سہولیات سے متعارف کروانا ہے۔نمائش میں زرعی طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی جنہوں نے مختلف تحقیقی سٹالز پر اپنی تحقیقی کاوشیں پیش کیں۔ ماہرین زراعت نے شرکا کو ماحولیاتی تبدیلیوں، پانی کے موثر استعمال، فصلوں کی بیماریوں کے انسداد اور نامیاتی کاشت کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔زرعی نمائش و کسان میلہ 2 روز تک جاری رہے گا جس میں کسانوں کے لئے مشاورتی سیشنز، مقابلے، سیمینار اور معلوماتی لیکچر بھی شامل ہوں گے۔