چکلالہ اور راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈز کی ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی، متعدددکانیں سیل

منگل 7 اکتوبر 2025 19:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) چکلالہ اور راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈز نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ دونوں بورڈز کی جانب سے شروع کی جانے والی اس مہم کے دوران رحیم آباد، ٹینچ بھاٹہ اور اطراف کے مختلف علاقوں میں متعدد تجارتی دکانیں سیل کر دی گئیں۔ کارروائی ان دکانداروں کے خلاف عمل میں لائی گئی جنہوں نے طے شدہ مدت کے باوجود اپنے واجب الادا ٹیکس جمع نہیں کرائے۔

(جاری ہے)

بورڈز کی انتظامیہ نے رواں سال 30 ستمبر تک ٹیکس ادائیگی کے لیے رعایتی اسکیم کا اعلان کیا تھا تاہم مقررہ مدت کے خاتمے کے بعد نادہندگان کے خلاف فوری نفاذی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ انتظامیہ کی ٹیموں نے مختلف مارکیٹوں کا دورہ کرتے ہوئے نادہندگان کی دکانیں سیل کیں اور ہر سیل کی گئی دکان پر باضابطہ نوٹیفکیشن آویزاں کیا۔ حکام کے مطابق یہ اقدام کنٹونمنٹ حدود میں مالی نظم و ضبط قائم رکھنے اور واجبات کی وصولی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

بورڈز کے ترجمان نے بتایا کہ ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی آئندہ دنوں میں مزید سخت کی جائے گی تاکہ تمام بقایاجات کی بروقت وصولی ممکن بنائی جا سکے اور کنٹونمنٹ بورڈز کے مالی نظم و نسق کو مؤثر انداز میں برقرار رکھا جا سکے۔