ڈپٹی کمشنر جعفرآباد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس

منگل 7 اکتوبر 2025 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ تعلیم کے افسران سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں اور ان پر عملدرآمد کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر آر ٹی ایس ایم کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جبکہ فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی، ترقی کی نگرانی، غیر حاضری کے معاملات، ٹائم اسکیل سے متعلق امور اور دیگر انتظامی معاملات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں مختلف اسکولوں کی عمارتوں کی حالت کا بھی جائزہ لیا گیا اور غیر فعال اسکولوں کو فعال بنانے کے لیے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ تعلیم کے شعبے میں جاری تعمیراتی اسکیموں کی پیشرفت، یونیسیف کی جانب سے جاری تعلیمی منصوبوں اور ضلع کے کالجز کو درپیش مسائل پر بھی بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے، اس شعبے میں بہتری کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں اور تدریسی معیار کو بلند کرنے کے لیے مخلصانہ کوششیں کریں تاکہ ضلع جعفرآباد میں تعلیمی نظام میں مثبت اور دیرپا تبدیلی لائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر فعال اسکولوں کو فعال بنانا، اساتذہ کی حاضری یقینی بنانا اور تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی مرمت و بحالی کو ترجیح دی جائے کیونکہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :