چیئرمین سی ڈی اے سے معروف سعودی کمپنی آرامکو کے وفد کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے منصوبوں میں ممکنہ تعاون پر غور

بدھ 8 اکتوبر 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) چیئرمین سی ڈی اےو چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے بدھ کے روز معروف سعودی کمپنی آرامکو کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر اسٹیٹ اسفندیار بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ریسورس سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے منصوبوں میں ممکنہ تعاون پر غور کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کو جدید اور عالمی معیار کا شہر بنانے کیلئے سی ڈی اے جوائنٹ وینچر ماڈل کے تحت مختلف منصوبوں کا آغاز کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے وی (جوائنٹ وینچر) ماڈل سے اسلام آباد میں سرمایہ کاری کو فروغ ملنے کے ساتھ ادارے کیلئے مستقل آمدنی کے ذرائع پیدا ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام منصوبوں میں پیپرا قوانین پر عملدرآمد، شفافیت اور میرٹ کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

آرامکو کے وفد کو چیئرمین سی ڈی اے کی قیادت میں اسلام آباد میں شروع کئے جانے والے مختلف منصوبوں بارے آگاہ کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو بہتر سے بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد شہر میں پٹرول پمپس کے قیام کیلئے مختلف سائٹس بھی سرمایہ کاری کیلئے دستیاب ہیں۔

وفد کو اسلام آباد میں جدید ترین سلاٹر ہائوس کے قیام کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سلاٹر ہائوس کے حوالے سے فیزبیلٹی سٹڈی کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ وفد کو مزید بتایا گیا کہ اس منصوبے کا ایک مقصد شہری ضروریات کے ساتھ گوشت کی برآمدات کو فروغ دینا ہے۔ اس سلسلہ میں ممکنہ تعاون کے منصوبوں پر عملی کام کے آغاز کرنے کیلئے دونوں اطراف کی خصوصی ٹیمیں مل کر کام کر رہی ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو بہتر سے بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے دارالحکومت اسلام آباد کی ترقی کیلئے دن رات مصروف عمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو بھرپور فروغ دینے کیلئے مختلف اقدامات کر رہے ہیں۔