سیالکوٹ،محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو برسیم کی مخلوط کاشت رائی گراس یا جئی کے ساتھ کرنے کی ہدایت

جمعرات 9 اکتوبر 2025 11:29

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ برسیم کی مخلوط کاشت کے لیے سرسوں کی بجائے رائی گراس یا جئی کے ساتھ مخلوط کاشت کو ترجیح دیں تاکہ معیاری اور بہترین پیداوار حاصل کی جا سکے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ زراعت (توسیع) سیالکوٹ رانا سلیم شاد نےاے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کاشتکار 15 سے 20 کلوگرام فی ایکڑ معیاری بیج استعمال کریں تاکہ برسیم کی مخلوط کاشت سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ برسیم اور لوسرن کو پہلا پانی بیجائی کے ایک ہفتے بعد جبکہ جئی کو تین ہفتے بعد دیا جائے تاکہ پودوں کی بہتر نشوونما ممکن ہو۔ کاشتکار برسیم اور لوسرن کا صاف ستھرا، تصدیق شدہ بیج 6 سے 8 کلوگرام فی ایکڑ استعمال کریں تاکہ فصل کی صحت مند افزائش کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ برسیم، لوسرن اور اگیتی جئی کی کاشت فوری طور پر شروع کر کے 15 نومبر تک مکمل کی جائے جبکہ جئی کی درمیانی و پچھیتی اقسام کی کاشت دسمبر کے آخر تک ممکن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معیاری سبز چارے کی پیداوار سے نہ صرف کاشتکاروں کو بہتر معاشی فائدہ حاصل ہو گا بلکہ جانوروں کی خوراک میں بہتری، ان کی صحت، اور گوشت و دودھ کی پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔رانا سلیم شاد نے کہا کہ محکمہ زراعت کا فیلڈ سٹاف کاشتکاروں کی رہنمائی کے لیے ہر وقت دستیاب ہے، کاشتکار مزید معلومات و مشاورت کے لیے قریبی زراعت دفتر سے رابطہ کر سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :