تھانہ ڈیرہ ٹاؤن کی کھتی چیک پوسٹ پرنامعلوم دہشت گردوں کا حملہ میں چیک پوسٹ میں موجود پولیس نوجوان شہید ہوگیا

جمعرات 9 اکتوبر 2025 15:57

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) تھانہ ڈیرہ ٹاؤن کی کھتی چیک پوسٹ پرنامعلوم دہشت گردوں کا حملہ میں چیک پوسٹ میں موجود پولیس نوجوان شہید ہوگیا۔ چیک پوسٹ میں موجود پولیس جوانوں نے حملے کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا،حملے میں انچارج چیک پوسٹ احمد نواز دہشتگردوں سے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے اور دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔

(جاری ہے)

شہید کا نماز جنازہ اعجاز شہید پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان میں سرکاری اعزاز کیساتھ ادا کر دیا گیا۔نماز جنازہ میں ریجنل پولیس آفیسرڈیرہ سیداشفاق انور،اسٹیشن کمانڈر ڈیرہ محمد ابوبکر ،ڈی پی او ڈیرہ سجاداحمدصاحبزادہ ،ایس پیز سی ٹی ڈی، انویسٹی گیشن، سٹی،صدر ودیگر پولیس افسران سمیت شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔شہید کو پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی، شرکا ءنے شہید کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے بلند درجات کے لئے دعا کی۔