امسال سرگودھا ڈویژن میں گندم کی بوائی کا ہدف 17 لاکھ 21 ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا ہے، کمشنر

جمعرات 9 اکتوبر 2025 16:41

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیرِ صدارت گندم کی بوائی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں سال سرگودھا ڈویژن میں گندم کی کاشت کا مجموعی ہدف 17 لاکھ 21 ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر، ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس، ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف، ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر زراعت نےبتایا کہ ضلع سرگودھا کا ہدف 5لاکھ33ہزار ایکڑ، خوشاب کا 2 لاکھ 76 ہزار ایکڑ، میانوالی کا 4 لاکھ 67 ہزار ایکڑ جبکہ بھکر کا ہدف 4 لاکھ 45 ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ یونین کونسل سطح تک بوائی کے اہداف مقرر کر دیئے گئے ہیں اور کسانوں کی آگاہی کے لیے مختلف پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں نمائشی پلاٹس لگانے کے ساتھ میگا فارمرز ڈیز بھی شروع کیے جا رہے ہیں تاکہ جدید کاشت کے طریقے فروغ پائیں۔

ڈائریکٹر زراعت نے مزید بتایا کہ گندم کی بوائی کے لیے 136 زرعی گریجویٹس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جو فیلڈ میں کسانوں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ اس سال نمائشی پلاٹس اور پیداوار پر کسانوں کو انعامات بھی دیئے جائیں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ڈویژن بھر میں کھادوں اور بیج کی کوئی کمی نہیں۔ اس وقت ڈی اے پی ڈیڑھ لاکھ بوری، یوریا پونے دو لاکھ بوری اور گندم کے 50 کلوگرام کے سوا لاکھ بیگ بیج دستیاب ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ حکومت پنجاب اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان معاہدے کے تحت گندم کی خریداری 35 سو روپے فی من کے حساب سے جاری ہے۔ کسانوں کے لیے کسان کارڈ کے ذریعے اب تک 7 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں اور کوئی بھی کسان گندم کی بوائی کے لیے 30 ہزار سے 3 لاکھ روپے تک کا قرضہ 24 گھنٹے میں حاصل کر سکتا ہے۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق اب تک 15 سو گرین ٹریکٹرز سرگودھا ڈویژن کے کسانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

کمشنر جہانزیب اعوان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گندم ہماری بنیادی غذائی ضرورت ہے اور فوڈ سیکیورٹی کے لیے اس کی بروقت اور بھرپور کاشت ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز محکمہ زراعت کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور مقررہ اہداف کو بروقت یقینی بنائیں۔ اجلاس میں شریک کاشتکاروں نے گندم کی بوائی سے متعلق اپنے تجاویز اور سفارشات بھی پیش کیں۔