گندم کی بہتر پیداوار کےلئے کاشتکاروں کو کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی ، ڈپٹی کمشنر ملتان

جمعرات 9 اکتوبر 2025 22:07

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے کاشتکاروں کی نمائندہ جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات میں گندم کی پیداوار میں اضافے، کسانوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر گندم کی کاشت کو فروغ دینے کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کی گئی ہے۔

حکومت کا فوکس نہ صرف زیرِ کاشت رقبہ بڑھانے پر ہے بلکہ جدید زرعی تکنیک کے فروغ اور کسانوں کو سہولیات کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کو یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ ان کی مکمل معاونت کرے گی۔ کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی جبکہ محکمہ زراعت کے افسران فیلڈ میں رہ کر کسانوں کی رہنمائی کریں گے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کا مقصد مقامی سطح پر گندم کی پیداوار بڑھا کر غذائی خودکفالت حاصل کرنا ہے تاکہ صوبے میں کسی قسم کے بحران سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ گندم کی کاشت میں بھرپور حصہ لیں اور جدید زرعی مشینری و بہتر بیجوں کے استعمال کو اپنائیں۔ضلعی انتظامیہ، محکمہ زراعت اور کسان تنظیموں نے مشترکہ طور پر یہ عزم ظاہر کیا کہ ضلع ملتان کو گندم کی پیداوار میں ایک نمایاں مقام دلانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔