آئل ریفائنری لمیٹڈ کے ریٹائرڈ ملازمین میں ای او بی آئی پنشن کی ادائیگی کا آغاز

جمعرات 9 اکتوبر 2025 20:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) نے اٹک ریفائنری لمیٹڈ (اے آر ایل) کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی ادائیگی کا آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں اے آر ایل میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں ای او بی آئی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آپریشنز جاوید اقبال شیخ مہمانِ خصوصی تھے۔

تقریب میں اے آر ایل کے اعلیٰ حکام، ای او بی آئی کے افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔ جاوید اقبال شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ادارہ پنشنرز کو مالی تحفظ فراہم کرنے کے لیے جدید نظام اپنا رہا ہے تاکہ مستحقین کو ان کے واجبات بآسانی دستیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی کے خودکار نظام سے پنشنرز کو سہولت کے ساتھ باقاعدہ ادائیگی ممکن بنائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی آپریشنز نے بتایا کہ اے آر ایل کے 263 ریٹائرڈ ملازمین کو ای او بی آئی پنشن اسکیم کے تحت رجسٹرڈ کیا گیا ہے، جنہیں ماہانہ 24 ہزار روپے تک پنشن ملے گی، جبکہ مستقبل میں اس میں مزید اضافہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی پنشنرز کی فلاح و بہبود کے لیے پُرعزم ہے۔آخر میں جاوید اقبال شیخ نے اے آر ایل کے انتظامیہ کی جانب سے ریٹائرڈ ملازمین کی فلاح و بہبود کے اقدامات کو سراہا اور ای او بی آئی کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔