مری، ڈینگی کی صورتحال قابو میں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئی نیا مریض رپورٹ نہیں ہوا

جمعرات 9 اکتوبر 2025 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر اظہر محمود عباسی نے مری سٹی، مسیاڑی، انگوری اور نمبل کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ تحصیل ہیلتھ انسپکٹر و ڈینگی فوکل پرسن بھی موجود تھے۔ڈاکٹر ذوالفقار ستی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ نے تحصیل ہیلتھ انسپکٹر کے ہمراہ کوٹلی ستیاں کے متعدد علاقوں میں فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

اسی طرح انٹامالوجسٹ افسران نے چارہان، بن، پھگواڑی، دیول، تریٹ، گہل، دریا گلی، گھوڑا گلی اور روات کے علاقوں میں انڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس ٹیموں کی نگرانی کی اور لاروا کی موجودگی کے امکانات کا جائزہ لیا۔محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ ریسکیو 1122 اور دیگر سرکاری اداروں نے بھی انسدادِ ڈینگی مہم میں فعال کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

مری کے مختلف علاقوں میں انڈور ریزیڈیول اسپرےاور فوگنگ کے ذریعے مچھر کش کارروائیاں کی گئیں۔

ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک مقدمہ درج کیا گیا جبکہ ایک مقام کو سیل کر کے بمہر کیا گیا تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مری میں ڈینگی کا کوئی نیا مریض رپورٹ نہیں ہوا۔محکمہ صحت کے مطابق اب تک ضلع مری میں ڈینگی کے کل مریضوں کی تعداد 115 ہے۔ڈپٹی کمشنر مری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ صحت کی ’’صحت محافظ ٹیموں‘‘سے مکمل تعاون کریں اور اپنے گھروں و اردگرد کے علاقوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں۔انہوں نے کہا کہ شہری ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے خود بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور دوسروں کو بھی آگاہ کریں تاکہ اس وبا کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :