تعلیم ، تجربہ یا پارٹی سے وابستگی کسی طور پر بانی پی ٹی آئی کے انتخاب کا معیار نہیں رہا، شیر افضل مروت

جمعہ 10 اکتوبر 2025 01:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ تعلیم ، تجربہ یا پارٹی سے وابستگی کسی طور پر بھی بانی پی ٹی آئی کے انتخاب کا معیار نہیں رہا، وزیراعلیٰ ہو یا وزیر اس کی قسمت کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی ہی کرتاہے۔ وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

ایم این اے شیر افضل مروت نے کہا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ خیبر پختونخوا کانیا وزیراعلیٰ پی ٹی آئی والوں کو خوش کرنے میں کامیاب ہوپائے گا یا صوبے کے عوام کو خوش کرے گا۔ بانی پی ٹی آئی ہمیشہ سے ہر تقرری پر جوا کھیلتے ہیں ، علی امین کی تقرری ہو یا کوئی اور تقرری ہو اس میں جوا کھیلا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کے لئے وزیراعلیٰ کو بکتر بند وزیر اعلیٰ ہائوس سے نکل کر عوام کی حمایت حاصل کرنے کے لئے باہر نکلنا ہوگا ۔ انہوں نے تجویز دی کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کو بند گلی میں پھنسنے سے بچانے کےلئے سینیٹرز، اراکین اور پارٹی عہدیداران پر مشتمل ایک مشاورتی کمیٹی بنائی جائے۔