افسران و ملازمین کو جدید اور معیاری دفتری سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات جاری ہیں ، چیف ایگزیکٹوفیسکو انجینئر محمد عامر

جمعہ 10 اکتوبر 2025 12:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) چیف ایگزیکٹوفیسکو انجینئر محمد عامر نے کہا ہے کہ کمپنی اپنے افسران و ملازمین کو جدید اور معیاری دفتری سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے یہ باتیں انھوں نے ڈائریکٹر جنرل میراڈ فیسکوکے دفترکا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل میراڈ آفس کی نئی عمارت کوجدید انفراسٹرکچر کی بنیاد پر تعمیر کیا جائے جہاں ملازمین کے مسائل کے حل، پیشہ ورانہ امور کی ادائیگی اورملازمین کے فلاحی امور کی ادائیگی با آسانی ممکن ہو۔

انھوں نے تعمیراتی کاموں کے معیارپر کوئی بھی سمجھوتہ نہ کرنے اوراس پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیسکو ایک ایسا ادارہ بننے کی جانب گامزن ہے جو نہ صرف صارفین بلکہ اپنے ملازمین کیلئے بھی ایک مثالی ماحول فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ فیسکو انتظامیہ ملازمین کی فلاح و بہبود اورانھیں بہتر ماحول میں کام کرنے کے اقدامات کر ترجیح دیتی ہے اور اسی جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے تاکہ فیسکو کو ایک جدید، فعال اور ملازمین دوست ادارہ بنایا جا سکے۔

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے سپرنٹنڈنگ انجینئرسول ورکس شکیل حیدر لک نے بتایا کہ ڈی جی میراڈ کے دفتر کی تعمیر پر تقریباً21ملین روپے کی لاگت آئی گی اوراس پراجیکٹ کو دس ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیاجائے گا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ اس دفتر میں ایک ڈی جی روم، میٹنگ روم، سٹاف کے مختلف رومز،سٹینو روم اور پارکنگ شیڈ وغیرہ کی تعمیر کی جا ئے گی۔

انھوں نے بتایا کہ متعدد نئے دفاتر کی تعمیر اور پرانے دفاتر کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے جنہیں جدید تقاضوں کے مطابق بنایا جا رہا ہے جس سے ملازمین کو بہتر اور آرام دہ ماحول میں کام کرنے کا موقع بھی ملے گا جو ان کی کارکردگی میں اضافے کا سبب بنے گا۔ اس موقع پر جنرل منیجر آپریشن عمرحیات گوندل،ڈی جی میراڈ صدف ناز، چیف انجینئر آپریشن محمد سعید، چیف انجینئرڈویلپمنٹ وقاص بیگ، سٹاف آفیسر عابد رشیداور ایکسین سول ورکس اکرام عبداللہ بھی موجود تھے۔ قبل ازیں سنگ بنیادرکھنے کی تقریب میں آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا بعدازاں چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر نے تختی کی نقاب کشائی اور زمین کھدائی کرکے میراڈ آفس کا سنگ بنیاد رکھا۔

متعلقہ عنوان :