میونسپل کارپوریشن کے افسران و ملازمین کی حاضری بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے یقینی بنائی جائے،کمشنر سرگودھاڈویژن

جمعہ 10 اکتوبر 2025 17:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ سرگودہا شہر کی بہتری ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،میونسپل کارپوریشن کا عملہ اپنی ذمہ داری پوری دیانتداری سے ادا کرے ۔انہوں نے میونسپل کارپوریشن سرگودھا کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ آپ خوش نصیب ہیں جنہیں خدمتِ خلق کا موقع ملا ہے اسے نیک نیتی سے پورا کریں۔

انہوں نے بلدیہ ملازمین کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کیا اور سی ای اومیونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ تمام افسران و ملازمین کی حاضری بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دفتر سے غیر حاضر یا کام نہ کرنے والے ملازمین کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ایسے اہلکاروں کو ملازمت میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نجی ہسپتالوں کی پارکنگ کی ریگولرائزیشن کے حوالے سے اب تک کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کمشنر سرگودھا نے پیش رفت پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف پریزنٹیشنز، جرمانے یا اعداد و شمار دکھانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، عوام کو زمینی سطح پر ریلیف ملنا چاہیے۔ انہوں نے سی اومیونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ تمام نجی ہسپتالوں کی انتظامیہ کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنی پارکنگ کو باقاعدہ ریگولرائز اور فعال بنائیں بصورت دیگر قانونی کارروائی سمیت دیگر آپشنز استعمال کیے جائیں گے۔

کمشنر نے کہا کہ جہاں ہسپتالوں کے پاس پارکنگ موجود ہے مگر اسے مؤثر انداز میں استعمال نہیں کیا جا رہا، وہاں گارڈز کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ شہر میں ٹریفک کا بہائو ہر حال میں بہتر ہونا چاہیے، ہسپتالوں کے باہر بدنظمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اب غیر اعلانیہ دورے کریں گے تاکہ شہر میں جاری صفائی، پارکنگ، سٹریٹ لائٹس اور ٹریفک کے نظام کو عوامی فیڈ بیک کی بنیاد پر خود دیکھ سکیں۔

کمشنر نے ایم او انفراسٹرکچر کو ہدایت کی کہ شہر بھر کی سٹریٹ لائٹس کو فوری طور پر فعال بنایا جائے اور جہاں خراب لائٹس ہوں انہیں درست کیا جائے۔ انہوں نے شہر میں آوارہ کتوں کی موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم او ریگولیشن کو ہدایت کی کہ تلفی مہم کو تیز کیا جائے، ٹیموں کی تعداد بڑھائی جائے اور کارروائی عوام کو واضح طور پر نظر آنی چاہیے۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن رائے محمد یاسر بھٹی، ایم او آر زویا بلوچ، ایم او فنانس صوبیہ اکرم، ایم او آئی حامد چٹھہ اور ایم او پی محمد اعجاز نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :