ْجاوداں فہیم کا جامعہ کراچی کی طالبہ انیقہ سعید کے پوائنٹ حادثے میںانتقال پر اظہار افسوس

پوائنٹ سسٹم میں فوری اصلاحات لا کر طلبہ کے لیے محفوظ سفری نظام فراہم کیا جائے،ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی سانحے کی شفاف تحقیقات ، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ،ْناظمہ کراچی کا حکومتِ سندھ اور جامعہ کراچی انتظامیہ سے مطالبہ

جمعہ 10 اکتوبر 2025 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی جاوداں فہیم نے جامعہ کراچی میں پوائنٹ حادثے کے باعث طالبہ انیقہ سعید کے جاں بحق ہونے کے المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دل خراش سانحہ جامعہ کراچی کے ناقص پوائنٹ سسٹم اور انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔

جاوداں فہیم نے حکومتِ سندھ اور جامعہ کراچی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس افسوسناک سانحے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور پوائنٹ سسٹم میں فوری اصلاحات لا کر طلبہ کے لیے محفوظ سفری نظام فراہم کیا جائے۔جاوداں فہیم نے کہا کہ شہر کراچی میں روزانہ ٹریفک حادثات کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، بے ہنگم ٹریفک، ٹوٹی سڑکیں اور ناقص انتظامات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

(جاری ہے)

جس طرح پورا شہر بدانتظامی کی تصویر بن چکا ہے، ویسی ہی حالت جامعہ کراچی کی ہے جہاں خستہ حال پوائنٹس، ناتجربہ کار ڈرائیورز اور عدم نگرانی کے باعث طلبہ کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی کا پوائنٹ سسٹم عرصے سے زبوں حالی کا شکار ہے، مگر کوئی ادارہ اس کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہا۔ ہمارے نظاموں میں چیک اینڈ بیلنس کا فقدان اور ہر سطح پر مالی مفادات کی دوڑ نے طلبہ کو بنیادی سہولتوں سے بھی محروم کر دیا ہے۔