سیف سٹی پراجیک شہری سکیورٹی، ٹریفک نظم و نسق اور عوامی سہولتوں کے لحاظ سے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، ایس پی سیف سٹی پراجیکٹ سرگودھا

اتوار 12 اکتوبر 2025 12:40

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) سیف سٹی پراجیکٹ کا مرکزی کنٹرول روم جدید نگرانی اور مانیٹرنگ سسٹم کے تحت شہریوں کے تحفظ، ٹریفک مینجمنٹ اور جرائم کی روک تھام کے لیے جدید نظام باضابطہ طور پر فعال کر دیاگیاہے۔ان خیالات کا اظہار ایس پی سیف سٹی پراجیکٹ سرگودھا عامر مشتاق نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں 247 جدید کیمرے شہر کے مختلف علاقوں میں نصب کیے گئے ہیں جو دن رات نگرانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جب کہ 30 وائی فائی پوائنٹس شہریوں کو جدید مواصلاتی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

ایمرجنسی کی صورتحال میں فوری ردِعمل یقینی بنانے کے لیے 10 پینک بٹنز مختلف حساس مقامات پر نصب کیے گئے ہیں، اور دو ماحولیاتی سینسرز فضائی آلودگی کی سطح پر مسلسل نظر رکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایس پی عامر مشتاق نے کہا ٹریفک قوانین کی پاسداری کے لیے ای چالان سسٹم بھی باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کو خودکار نظام کے تحت جرمانے موصول ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام سے شہریوں میں قانون کی پابندی کا رجحان بڑھا ہے اور ٹریفک نظم و ضبط میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ایس پی نے مزید بتایا کہ سیف سٹی کے موثر نظام کے نتیجے میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں 30 فیصد جبکہ رہزنی کے کیسز میں 16 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔خواتین کے تحفظ کے پیشِ نظر گرلز کالجز میں ایمرجنسی بٹن بھی نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ طالبات کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رابطہ کر سکیں۔

عامر مشتاق نے کہا کہ سیف سٹی سرگودھا کا منصوبہ شہری سیکیورٹی، ٹریفک نظم و نسق اور عوامی سہولتوں کے لحاظ سے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی یہ نظام نہ صرف جرائم کی شرح میں کمی لا رہا ہے بلکہ شہریوں کا اعتماد بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مزید مضبوط ہو رہا ہے۔