کلی خداے رحیم دالبندین روڈ پر ون ویلنگ اور ریسنگ سے قیمتی جانوں کو خطرہ، عوامی حلقے تشویش میں مبتلا

اتوار 12 اکتوبر 2025 17:00

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) دالبندین کے عوامی و سماجی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلی خداے رحیم دالبندین کے جنوبی جانب سڑک پر شام کے وقت نوعمر اور کم سن لڑکوں کی ون ویلنگ اور موٹر سائیکل ریسنگ ایک خطرناک رجحان بن چکی ہے، جو نوجوان نسل کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہی ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق، درجنوں کم سن لڑکے مختلف ٹولیوں کی شکل میں موٹر سائیکلوں پر ریسنگ کرتے ہیں،سلنسر پٹاخوں کی گونج سے علاقے کا سکون تباہ کر دیتے ہیں، اور کئی بار یہ خطرناک کھیل خوفناک حادثات میں بدل جاتے ہیں۔

اکثر ایسے نوجوان یا تو شدید زخمی ہو کر عمر بھر کے لیے اپاہج ہو جاتے ہیں یا اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر اس سڑک کو پے درپے حادثات کے باعث خونی روڈ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکامِ بالا سے اپیل کی کہ دالبندین میں ون ویلنگ اور غیر قانونی ریسنگ پر فوری پابندی عائد کی جائے، کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل چلانے سے روکا جائے، اور پٹاخے نما شور مچانے والے سلنسرز پر مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ علاقے کا امن و سکون بحال ہو۔

عوامی نمائندوں، علمائ کرام، اساتذہ اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے بھی اس معاملے پر سنجیدگی دکھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دالبندین ہم سب کا شہر ہے، یہاں کے بچے ہمارے اپنے بچے ہیں، ہمیں ان کی اخلاقی، سماجی اور معاشرتی تربیت کی ذمہ داری سنجیدگی سے نبھانی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اگر والدین، اساتذہ، مذہبی رہنما اور سماجی کارکن مل کر ان نوجوانوں کی رہنمائی کریں تو دالبندین کو امن و سکون کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔