ریتلی اور ہلکی میرا زمین زیرے کی کاشت کے لئے موزوں ہے،ماہرین زراعت

پیر 13 اکتوبر 2025 14:47

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ کاشتکاریکم نومبر سے زیرے کی کاشت شروع کرکے 5 ماہ میں فی ایکڑ 4 لاکھ روپے سے زائد کا یقینی منافع کماسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زیرے کی پیداواری صلاحیت 10 من فی ایکڑ سے بھی زیادہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ زیرے کو کہیں بھی کسی قسم کی زمین میں کاشت کیا جاسکتا ہے تاہم ریتلی اور ہلکی میرا زمین زیرے کی کاشت کے لئے موزوں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ زیرہ زیادہ سے زیادہ 2 سے3 مرتبہ کی آبپاشی پر پک کر تیار ہوجاتا ہے جبکہ یہ واحد فصل ہے جس سے کم کھاد یا بغیر کھاد کے بھی بہترین فصل حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ زیرے کی کاشت کا موزوں ترین وقت یکم نومبر سے 30 نومبر تک اور شرح بیج 4 کلو گرام فی ایکڑ ہے۔انہوں نے کہا کہ اسے کھیلیوں پر کاشت کرنا اور قطار سے قطار کا فاصلہ 2 فٹ جبکہ پودے سے پودے کا فاصلہ 8 انچ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں مزید معلومات و رہنمائی کے لئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا ماہرین زراعت کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :