فیصل آباد ،کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ رقبے پر سبزیوں کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایت

پیر 13 اکتوبر 2025 15:05

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ رقبے پر سبزیوں کی کاشت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادعدیل احمدنے کہا ہے کہ انسان کی غذائی ضروریات میں لحمیات، نشاستہ، تیل، معدنیات اور حیاتین کی اشد ضرورت ہوتی ہے جبکہ ذود ہضم ہونے کی بنا پر سبزیوں کے استعمال سے انسان تندرست و توانا رہ سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آلو، لہسن، پیاز، شکر قندی وغیرہ میں نشاستہ کافی مقدار میں موجود ہوتا ہے اسی طرح مٹر، پتوں والی پھلی دار سبزیوں، لہسن میں لحمیات جبکہ ٹماٹر، گاجر، شلجم، شکر قندی، جڑوں اور پتے والی سبزیوں میں وٹامن اے کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں مٹر،پھلیوں، ٹماٹر میں وٹامن بی، سبز مرچ، شلجم، پھول گوبھی، بند گوبھی، پالک،پودینہ وغیرہ میں وٹامن سی کثر ت سے پایا جاتا ہے جو ہر عمر کے انسان کی جسمانی صحت کے لئے ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے سبزیوں کا زیر کاشت رقبہ دوسری زرعی اجناس کے زیر کاشت رقبہ کے مقابلے میں بہت کم ہے حالانکہ فی ایکڑ پیداوار کے لحاظ سے اکثر سبزیوں کو اپنی پیداواری صلاحیت میں دوسری فصلوں سے برتری حاصل ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ منافع حاصل کرنے کے لئے دیگر زرعی اجناس کی طرح سبزیوں کی زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنائیں ۔

متعلقہ عنوان :