بجلی کا نیا کنکشن لگوانے کیلئے مزید کڑی شرائط عائد کردی گئیں

ڈیمانڈ نوٹس کے اجراء اور میٹر کی تنصیب سے قبل الیکٹرک انسپکٹر سے ٹیسٹ رپورٹ کی آن لائن تصدیق لازمی قرار

Sajid Ali ساجد علی پیر 13 اکتوبر 2025 15:14

بجلی کا نیا کنکشن لگوانے کیلئے مزید کڑی شرائط عائد کردی گئیں
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر2025ء ) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی جانب سے بجلی کا نیا کنکشن لگوانے کیلئے مزید کڑی شرائط عائد کردی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی شرائط کے تحت بجلی کے نئے کنکشن کے لئے ڈیمانڈ نوٹس کے اجراء اور میٹر کی تنصیب سے قبل الیکٹرک انسپکٹر سے ٹیسٹ رپورٹ کی آن لائن تصدیق لازمی قرار دیدی گئی ہے، گھریلو، کمرشل، انڈسٹریل اور ٹیوب ویلز سمیت دیگر کنکشنز پر بھی متعلقہ الیکٹرک انسپکٹر کی طرف سے ٹیسٹ رپورٹ کی تصدیق ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ لیسکو نے عوام کیلئے بجلی کے نئے کنکشن کے حصول کو الیکٹرک انسپکٹر کی رپورٹ کے ساتھ منسلک کر دیا ہے جس کے بعد صارفین کو آن لائن درخواست جمع کروانے پر ٹیسٹ رپورٹ بھی دستاویزات کے ساتھ ہی جمع کروانا ہوگی، الیکٹرک انسپکٹر کی جانب سے ٹیسٹ رپورٹ کی آن لائن تصدیق پر ہی ڈیمانڈ نوٹس جاری ہوگا، ڈیمانڈ نوٹس جمع ہونے پر لیسکو صارفین کو میٹرز سمیت دیگر میٹریل فراہم کیا جائے گا جس کے بعد صارفین کا بجلی کا نیا کنکشن نصب کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف لیسکو نے بجلی چوروں کے خلاف اپنی کارروائیوں کو مزید تیز کر دیا ہے، چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر گلبرگ ڈویژن میں بجلی چوروں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا اور متعدد گھروں سے بجلی چوری پکڑی گئی، ایکسئین گلبرگ اور ایس ڈی او لبرٹی سب ڈویژن طاہر ستار کی سربراہی میں پولیس کی مدد سے گلبرگ میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کی گئی، اس دوران 116 ایف ون گلبرگ میں ایک گھر کے اندر خفیہ طور پر لگائے گئے کرشنگ یونٹ پر ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی کی چوری پکڑی گئی جہاں صارف ڈائریکٹ کنکشن لگا کر بجلی چوری کر رہا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ جب اسے دروازہ کھولنے کا کہا تو اس نے انکار کر دیا،جس پر لیسکو ٹیم ایس ڈی او طاہر ستار کی قیادت میں پولیس کے ہمراہ گیٹ پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئی اور موقع پر دو بجلی چوروں کو گرفتار کر لیا ، خفیہ کرشنگ یونٹ سے 500 سے زائد چینی کی بوریاں بھی برآمد ہوئیں، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے متعلقہ تھانے میں درخواست دے دی گئی ہے، چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کاکہنا ہے کہ بجلی چور قوم کے دشمن ہیں، ان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ قومی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے، عوام بجلی چوری روکنے میں لیسکو کا ساتھ اور مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع ہیلپ لائن 118 پر دیں۔