ڈسٹرکٹ لیول ویٹ کمیٹی کا خصوصی اجلاس ،گندم کی زیادہ سے زیادہ کاشت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کا تفصیلی جائزہ

پیر 13 اکتوبر 2025 23:00

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) ڈسٹرکٹ لیول ویٹ کمیٹی کا خصوصی اجلاس ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں ضلع بھر میں گندم کی زیادہ سے زیادہ کاشت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ زراعت کے افسران،کھاد و پیسٹی سائیڈز ڈیلرز سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اس موقع پر ضلعی محکمہ زراعت کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال ضلع بھکر میں 4 لاکھ 45 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت کی جائے گی۔ حکومتِ پنجاب کے کسان ریلیف پیکج کے تحت کاشتکاروں کو کھاد،بیج اور دیگر زرعی سہولیات میں خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی جبکہ گندم کی خریداری پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ معاہدے کے مطابق 3500 روپے فی من کے حساب سے کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں گندم کاشت کے مقررہ اہداف کی سو فیصد تکمیل ہرصورت میں یقینی بنائی جائے۔اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ اور تحصیل لیول پر قائم کمیٹیاں کسانوں کو زیادہ سے زیادہ گندم کاشت کرنے کی ترغیب فراہم کریں تاکہ وہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کسان ریلیف اسکیم کے مؤثر نفاذ، کاشتکاروں میں نہری پانی کی منصفانہ تقسیم اور دیگر زرعی پیکجز کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ محکمے اپنا کردار فعال انداز میں ادا کریں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع بھکر میں گندم کی کاشت کا عمل 1 نومبر سے شروع ہوجائے گا اس سلسلہ میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سےسرانجام دینے کی ہدایت کی گئی۔مزید برآں کاشتکاروں میں آگاہی کے لیے نمبردار اورکسان کنونشنز منعقد کیے جائیں گے تاکہ انہیں حکومتِ پنجاب کی کسان دوست پالیسیوں اور سہولیات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا جا سکے ۔۔\378

متعلقہ عنوان :