فیصل آباد،کپاس کی کاشت کے علاقوں میں کاشتکاروں کو بھنڈی توری، بینگن اور جوار کاشت نہ کرنے کی ہدایت

بدھ 15 اکتوبر 2025 12:45

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکار وں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بہاریہ فصلوں اور سبزیوں کی باقیات برداشت کے بعد فوری تلف کردیں کیونکہ ان باقیات کی موجودگی میں سفید مکھی پیداہونے اور کپاس سمیت دیگر فصلوں پر حملہ آور ہونے کا شدید خدشہ رہتاہے جس سے مذکورہ فصلوں کو سخت نقصان پہنچنے کااحتمال بھی ہوتاہے لہٰذا اس ضمن میں کسی غفلت یاکوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادعدیل احمدنے کاشتکاروں سے کہاکہ کپاس کے کاشتکاروں کو بہاریہ فصلوں سے سفید مکھی کے تدارک پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ سفید مکھی کپاس کا انتہائی نقصان دہ کیڑا ہے جو سارا سال متحرک رہتا ہے اسلئے کاشتکار حفاظتی اقدامات کے تحت بہاریہ فصوں اور سبزیوں کی باقیات کو برداشت کے بعد فوراً تلف کر دیں۔انہوں نے کہا کہ کپاس کے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ کپاس کی کاشت کے علاقوں میں بھنڈی توری، بینگن اور جوار کاشت نہ کریں اور کھیتوں و کھالوں کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھیں۔ اس سلسلہ میں مزید معلومات کیلئے محکمہ زراعت کی ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :