لاہور ہائیکورٹ نے کمسن بچے سے زیادتی کے ملزم کی ضمانت خارج کر دی

بدھ 15 اکتوبر 2025 23:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے کمسن بچے سے زیادتی کے ملزم آصف علی کی درخواستِ ضمانت خارج کر دی۔عدالت نے شواہد اور میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر ملزم کی ضمانت خارج کی۔جسٹس امجد رفیق نے درخواست پر سماعت کی۔دورانِ سماعت ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مدعی اور متاثرہ بچے کے بیانات میں تضاد ہے،ملزم پر جھوٹا الزام لگایا گیا ہے اور وہ چار ماہ سے بے گناہ قید میں ہےاس لیے عدالت ضمانت منظور کرے۔

(جاری ہے)

عدالت نے استفسار کیا کہ مقدمے میں متاثرہ بچے کا بیان اہم ہے یا مدعی کا، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ متاثرہ بچے کا بیان اہمیت رکھتا ہے،سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم آ صف علی نے رواں سال16 جون کو 12 سالہ بچے کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔واقعہ کا مقدمہ17 جون کو تھانہ گوگیرہ،اوکاڑہ میں درج کیا گیا،سرکاری وکیل کے مطابق میڈیکل رپورٹ مثبت آئی ہے اور بچے سے زیادتی ثابت ہو چکی ہے۔عدالت نے شواہد اور میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر ملزم کی ضمانت خارج کر دی۔