ہائیکورٹ نے کمسن بچے سے زیادتی کیس میں ملوث ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی

بدھ 15 اکتوبر 2025 23:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے کمسن بچے سے زیادتی کیس میں ملوث ملزم آصف علی کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ۔ہائیکورٹ کے جسٹس محمد امجد رفیق نے ملزم آصف کی درخواست ضمانت پر فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔ملزم کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مقدمے میں مدعی اور متاثرہ بچے کے بیانات میں تضاد پایا جاتا ہے، اس لیے ملزم کے خلاف لگائے گئے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مقدمے میں یہ نکتہ اہم ہے کہ متاثرہ بچے کا بیان زیادہ وزن رکھتا ہے یا مدعی کا۔ وکیل صفائی نے موقف اپنایا کہ متاثرہ بچے کا بیان ہی مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔دوسری جانب سرکاری وکیل نے بتایا کہ ملزم آصف علی نے 16جون 2025کو 12سالہ بچے کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ واقعے کے اگلے روز 17جون 2025ء کو تھانہ گوگیرہ، ضلع اوکاڑہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔ بچے نے مجرم کو شناخت کیا،میڈیکل رپورٹ میں بھی زیادتی ثابت ہوئی۔ سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ شواہد کی روشنی میں ملزم کی ضمانت کی درخواست خارج کی جائے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم آصف علی کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔