سیاحت اور دواسازی کے شعبے باہمی تعاون کے فروغ کے لیے نمایاں مواقع رکھتے ہیں، ہائی کمشنرسری لنکا

بدھ 15 اکتوبر 2025 20:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) سری لنکا کے پاکستان میں ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل (ر) فریڈ سینی ویراتھنے نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور کاروباری برادری و چیمبر کے اراکین سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی ہیڈ آف مشن کرسٹی روبن بھی موجود تھے۔صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت نے ہائی کمشنرکا خیرمقدم کرتے ہوئے چیمبر کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوستانہ اور مضبوط سفارتی تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک سارک اور کامن ویلتھ آف نیشنز کے فعال رکن ہیں، تاہم دوطرفہ تجارتی تعلقات اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق فروغ نہیں پا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت اور دواسازی کے شعبے باہمی تعاون کے فروغ کے لیے نمایاں مواقع رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نائب صدر آر سی سی آئی فہد برلاس، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور چیمبر کے متعدد اراکین بھی موجود تھے اپنے خطاب میں ہائی کمشنر ریئر ایڈمرل (ر) فریڈ سینی ویراتھنے نے کہا کہ سری لنکا کی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے۔

زرمبادلہ کے ذخائر، ملکی کرنسی اور سیاحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کولمبو، ہمبنٹوٹا، گال اور ترنکومالی جیسے بڑے بندرگاہی مراکز خطے کے مصروف ترین تجارتی مراکز میں شمار ہوتے ہیں۔ سری لنکا ایک تربیت یافتہ افرادی قوت کا حامل ملک ہے اور بین الاقوامی نقل و حمل کے مضبوط نظام کے ذریعے دنیا بھر سے منسلک ہے۔