خواتین میں بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص زندگی بچا سکتی ہے، ڈاکٹرقندیل قیصر

جمعرات 16 اکتوبر 2025 14:32

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر قندیل قیصر نے کہا ہے کہ خواتین میں بریسٹ کینسر ایک تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے، جس کی بروقت تشخیص اور علاج نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر خواتین اپنی معمول کی خود معائنہ کی عادت اپنائیں اور سال میں کم از کم ایک بار میموگرام ٹیسٹ کروائیں تو بیماری کے ابتدائی مرحلے میں اس کا علاج ممکن ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر قندیل قیصر نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے حوالے سے خوف یا شرمندگی کی بجائے آگاہی اور اعتماد کی فضا قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید علاج، سرجری اور تھراپی کی سہولیات اب پاکستان میں بھی دستیاب ہیں، اور اگر بیماری ابتدائی مرحلے میں پکڑی جائے تو مریضہ مکمل صحت یاب ہو سکتی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اکتوبر، جو کہ بریسٹ کینسر آگاہی کا مہینہ ہے، اس موقع پر زیادہ سے زیادہ خواتین کو اس مرض کے بارے میں آگاہ کریں تاکہ ہر خاتون اپنی صحت کے تحفظ کو اولین ترجیح دے سکے۔