سموگ کے خاتمہ کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، رانا حاشر

جمعرات 16 اکتوبر 2025 15:09

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) سماجی رہنما رانا حاشر نے کہا ہے کہ سموگ ایک سنگین ماحولیاتی مسئلہ بن چکا ہے جو نہ صرف انسانی صحت بلکہ معاشی و سماجی زندگی پر بھی منفی اثرات ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ صرف سرکاری اقدامات سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سموگ کی بڑی وجوہات میں فصلوں کی باقیات کو جلانا، گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں، فیکٹریوں کا فضائی آلودگی میں اضافہ اور غیر قانونی تعمیرات شامل ہیں۔ اگر ہم اجتماعی طور پر ان عادات کو بدلنے کی کوشش کریں تو سموگ پر قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری درخت لگائیں، گاڑیوں کے انجن کی باقاعدہ دیکھ بھال کریں اور دھواں پیدا کرنے والے ذرائع کا استعمال کم کریں۔

سکولوں، کالجوں اور تنظیموں کو بھی عوامی سطح پر آگاہی مہمات شروع کرنی چاہئیں تاکہ لوگ اپنی روزمرہ زندگی میں ماحول دوست رویے اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ صاف فضا، پانی اور صحت مند ماحول ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ ہمیں آنے والی نسلوں کے لئے ایک بہتر اور آلودگی سے پاک پاکستان کا عزم کرنا چاہیے۔