سندھ ہائی کورٹ نے ایس بی سی اے کو رفاہی پلاٹس کو محفوظ بنانے کا حکم دیدیا

جمعرات 16 اکتوبر 2025 16:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) سندھ ہائی کورٹ نے ایم نائن موٹروے کوئٹہ ٹاؤن میں رفاہی پلاٹس پر تجاوزات کیخلاف درخواست پر ایس بی سی اے کو رفاہی پلاٹس کو محفوظ بنانے کا حکم دیدیا۔سندھ ہائیکورٹ میں ایم نائن موٹروے کوئٹہ ٹاؤن میں رفاہی پلاٹس پر تجاوزات کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ سوسائٹی کے کھیل کے میدان اور پارک کی زمین پر گاڑیوں کے شوروم بنا دیئے گئے ہیں۔

رفاعی اراضی پر کمرشل سرگرمیاں انجام دی جارہی ہیں۔ ایس بی سی اے کے وکیل نے موقف دیا کہ سوسائٹی کا لے آوٹ پلان منسوخ کردیا ہے۔ پرانے لے آوٹ پلان کے مطابق رفاہی پلاٹس کو محفوظ بنایا جائے گا۔ تجاوزات کے خاتمے کے لیے اینٹی انکروچمنٹ حکام اور ریوینیو حکام کو ہدایات جاری کی جائیں۔

(جاری ہے)

شو روم مالکان کے وکیل نے موقف اپنایا کہ مذکورہ پلاٹس کی حیثیت کی تبدیلی کی درخواست سول عدالت میں زیر سماعت ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پلاٹس سے متعلق کوئی حکم امتناع موجود ہی درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ سول عدالت کی جانب سے کوئی عبوری حکم نامہ موجود نہیں ہے۔ عدالت نے ریمارلس دیئے کہ رفاہی پلاٹس کو کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت نے ایس بی سی اے کو رفاہی پلاٹس کو محفوظ بنانے کا حکم دیدیا۔