محکمہ زراعت پنجاب کے اعلی سطحی وفد کا چین کا دورہ، چار مختلف معاہدوں کی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط

جمعرات 16 اکتوبر 2025 22:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی قیادت میں محکمہ زراعت پنجاب کے اعلی سطحی وفد نے چین کا دورہ کیا۔ترجمان کے مطابق یہ دورہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے تحت زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کیا گیا۔وفد میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو و دیگر افسران شامل تھے۔

وفد نے چین کی ٹیکنالوجی کمپنیوں،زرعی مشینری تیار کرنے والی کمپنی اور ایگریکلچر یونیورسٹی کا دورہ کیا اور چار مختلف معاہدوں کی مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے۔چین کی ٹیکنالوجی کمپنی پائسیٹ کے ساتھ معاہدہ کے تحت جدید نظام کے ذریعے فصلوں کی کاشت سے کٹائی تک تمام مراحل کا ڈیٹا سیٹلائٹ کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا جس کے ذریعے فصلوں کی کاشت کا رقبہ، کیڑوں و بیماریوں کی سرویلنس، کھادوں کا بروقت استعمال اور فصل کی پیداوار کا تخمینہ لگایا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

اسی طرح فصلوں کی کاشت اور زیرِ کاشت رقبہ کی نگرانی کے لیے سیٹلائٹ ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور جدید ترین طریقے متعارف کروائے جائیں گے، جن سے فصلوں کی کاشت،پیداوار اور معیار میں اضافہ ممکن ہوگا۔ڈی فینک کمپنی نے معاہدہ کے تحت محکمہ زراعت اور پرائیویٹ سیکٹر کے مشترکہ تعاون سے پنجاب میں ٹریکٹرز اور ہارویسٹر کا مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ مفاہمتی یادداشت کے تیسرے اور چوتھے معاہدے کے تحت چائنہ کی زرعی یونیورسٹی اعلی کوالٹی کا بیج تیار کرنے میں محکمہ زراعت پنجاب کی معاونت کرے گی اور صوبہ پنجاب میں جدید زرعی تحقیق کیلئے سنٹر آف ایکسیلینس قائم کرے گی۔

اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ زرعی شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر اورعصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق پنجاب میں زراعت کو ٹرانسفارم کیا جا رہا ہے۔