چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی پرعاصمہ جہانگیر گروپ کو مبارکباد دی

جمعرات 16 اکتوبر 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی پرعاصمہ جہانگیر گروپ کو دلی مبارکباد دی ہے اورنو منتخب صدر ہارون الرشید، سیکرٹری زاہد اسلم اعوان اور دیگر نومنتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔جمعرات کو سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نو منتخب عہدیداران وکلا برادری کی خدمت کے عزم کو مزید مضبوط بنائیں گے۔

پارلیمنٹ ہمیشہ سے وکلا برادری کو اصلاحات کے عمل میں ایک اہم شراکت دار تصور کرتی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وکلا نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار کے استحکام اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

نو منتخب صدر ہارون الرشید اور ان کی ٹیم ملک میں قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی خودمختاری اور وکلا کی فلاح و بہبود کے مشن کو مزید تقویت دیں گے۔

وکلا برادری نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام اور آئینی عمل کے تسلسل کے لیے سیاستدانوں کے ساتھ مل کر بھرپور کردار ادا کیا ہے۔پارلیمنٹ اور وکلا برادری کا باہمی تعاون ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ، انصاف کی فراہمی اور آئین کی سربلندی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا انتخابی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہونے پر تمام اراکین اور انتظامیہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔