ماں نہیں بن سکتا، کوشش کرتا ہوں بچوں کو والدہ کی کمی نہ ہو، عارف لوہار

جمعہ 17 اکتوبر 2025 13:38

ماں نہیں بن سکتا، کوشش کرتا ہوں بچوں کو والدہ کی کمی نہ ہو، عارف لوہار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) پنجابی لوک گلوکار عارف لوہار نے کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے لیے ماں کبھی نہیں بن سکتے لیکن اہلیہ کی وفات کے بعد ان کی کوشش رہتی ہے کہ ان کے بچوں کو والدہ کی کمی نہ ہو۔عارف لوہار نے نجی ٹی وی نے مختلف معاملات سمیت ذاتی زندگی پر بھی بات کی۔پروگرام کے دوران انہوں نے اپنے والدین سمیت اپنے بچوں کی زندگی پر گفتگو کی اور بتایا کہ کسی بھی انسان کے لیے ماں کا چلا جانا سب سے غمگین وقت ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے بچوں کی والدہ زندہ تھیں، تب تک وہ بارعب اور سخت والد تھے لیکن بچوں کی ماں چلے جانے کے بعد وہ یکسر بدل گئے۔انہوں نے کہا کہ ماں بہت بڑی ہستی ہے، اس کا کوئی بھی نعمل البدل نہیں ہوتا، خدا نے ماں سمیت دوسرے رشتوں میں چاشنی اور سکون رکھا ہے۔

(جاری ہے)

عارف لوہار نے تمام خواتین کو سلام بھی کیا اور کہا کہ مائوں کی وجہ سے ہی زندگی میں رنگینی اور خوبصورتی ہے، انہیں سمجھ نہیں آتی کہ لوگ کس طرح اپنوں کے ساتھ تلخ رویہ اختیار کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ کچھ بھی کرلیں، وہ اپنے بچوں کی ماں کبھی نہیں بن سکتے لیکن اہلیہ کے انتقال کے بعد وہ تبدیل ہوگئے، اب وہ سخت مزاج والد نہیں رہے، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ بچوں کو والدہ کی کمی نہ ہونے دیں۔انہوں نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ اہلیہ کے انتقال کے بعد ان کے پاس بچوں کو خوش رکھنے اور کرنے کا کوئی آپشن نہیں تھا، اس لیے انہیں کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا کہ وہ بچوں کے لیے کیا کریں گلوکار کے مطابق بعد ازاں انہوں نے بچوں کو اپنے ساتھ گلوکاری پر چلنے کا کہا اور وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کے بچے انہیں تنگ کیے بغیر ان کے ساتھ گلوکاری کرنے چلے جاتے ہیں۔

عارف لوہار نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سکون اور خوشی ہوتی کہ ان کے بچے ان کے ساتھ گلوکاری کرنے چلے جاتے ہیں۔ان کے مطابق ان کے بیٹے ان کے بڑے عاشق ہے، انہیں بھی گلوکاری کا شوق ہے اور اب وہ بچوں کے ساتھ گلوکاری کرکے خوشی محسوس کرتے ہیں۔خیال رہے کہ عارف لوہار کی اہلیہ 2021 میں کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد انتقال کر گئی تھیں۔اہلیہ کی وفات کے بعد عارف لوہار کو متعدد تقریبات میں بیٹوں کے ساتھ پرفارمنس کرتے دیکھا گیا اور صارفین نے ان کے بیٹوں کی تعریفیں بھی کیں۔