راج کپورنے رشی کپورسے جھوٹی شادی کروانے کی پیش کش بھی کی تھی، سنگیتا

جمعہ 17 اکتوبر 2025 13:38

راج کپورنے رشی کپورسے جھوٹی شادی کروانے کی پیش کش بھی کی تھی، سنگیتا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) ماضی کی مقبول اداکارہ اور فلم ساز سنگیتا نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ماضی میں بھارت کی جانب سے نہ صرف فلم کی ہدایت کاری بلکہ اداکاری کی پیش کش بھی ہوئی اور انہیں راج کپور نے رشی کپور سے جھوٹی شادی کروانے کی پیش کش بھی کی تھی۔سنگیتا نے کچھ عرصہ قبل نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے کیریئر اور ذاتی زندگی سمیت مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی تھی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے گھرانہ نام سے ایک فلم بنائی لیکن وہ اتنی زیادہ کامیاب نہ ہوئی، ان کی فلم کے پانچ سال بعد بھارت میں امیتابھ بچن کی فلم باغبان سامنے آئی، جو کہ ان کی فلم جیسی تھی۔ہدایت کارہ کے مطابق ان کی فلم اور باغبان کی کہانی ایک جیسی ہی تھی لیکن ان کی فلم کے برعکس بھارتی فلم کامیاب گئی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے دعوی کیا کہ ان کا دل کسی بھی پاکستانی ہیرو کو دیکھ کر نہیں دھڑکتا تھا، وہ کام میں مصروف اور مگن رہتی تھیں۔

ان کے مطابق انہیں کبھی کسی پاکستانی ہیرو سے پیار نہیں ہوا، البتہ انہیں ہولی وڈ کے عرب مسلمان اداکار عمر شریف بہت پسند تھے، جن کی فلم ڈاکٹر زواگو بہت کامیاب ہوئی تھی۔سنگیتا کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ انہیں بھارت سے کام کی پیش کش نہیں ہوئی لیکن انہوں نے وہاں جاکر کام کرنے کا کبھی نہیں سوچا، انہیں اپنے ملک میں کام کرنے کا شوق رہا ہے۔

ہدایت کارہ کے مطابق ماضی میں بولی وڈ فلم ساز مہیش بھٹ نے انہیں بھارت میں آکر فلم کی ہدایات دینے کی پیش کش بھی کی تھی لیکن انہوں نے ان کی آفر مسترد کی۔انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ مہیش بھٹ نے انہیں کون سی فلم کی ہدایات دینے کی پیش کش کی تھی اسی دوران انہوں نے بتایا کہ کہ ماضی میں وہ تاشقمند میں لگنے والے فلمی میلے میں اپنی فلم کی نمائش کے لیے گئیں تھیں، وہاں راج کپور بھی اپنی فلم کی نمائش کے لیے آئے ہوئے تھے، انہوں نے انہیں وہاں بھارت میں کام کرنے پیش کش کی۔

ان کے مطابق اس وقت ان کی عمر بہت کم تھی اور فلموں کی ہدایت کاری کرنا ان کا جذبہ تھا، اس لیے بھی انہوں نے راج کپور کی اداکاری کی پیش کش مسترد کی۔سنگیتا نے بتایا کہ راج کپور نے انہیں کہا کہ وہ رشی کپور سے ان کی جھوٹ کی شادی کروادیتے ہیں تاکہ وہ آرام سے بھارت آ سکیں اور وہاں سکون سے کام کر سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ راج کپور انہیں اپنی فلم پریم روگ میں ہیروئن کے طور پر کاسٹ کرنا چاہتے تھے لیکن انہیں بھارت جاکر کام کرنے کی خواہش نہیں تھی، اس لیے انہوں نے ان کی آفر مسترد کی۔