بیلا روس میں ملک گیر ڈیجیٹل میڈیکل ڈیٹا شیئرنگ پلیٹ فارم کی تیاری

جمعہ 17 اکتوبر 2025 13:12

منسک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) بیلا روس میں طبی دستاویزات کے انتظام کے لئے ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم تیار کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مریضوں اور اداروں کے درمیان مریضوں کے حوالے سے معلومات کے تبادلے کو آسان بنانا ہے، یہ بات بیلاروسی وزارت صحت کے نائب سربراہ دمتری لازار نے کہی ۔دمتری لازار جو ماں اور بچوں کی طبی امداد کے شعبے کے سربراہ بھی ہیں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم پر گزشتہ چار برسوں سے کام جاری ہے۔

اس کے تحت شہری اپنے سمارٹ فون کے ذریعے پلیٹ فارم تک رسائی حاصل کر سکیں گے، جہاں سے وہ مختلف طبی خدمات کے حصول کی درخواست دے سکیں گے یا متعلقہ سرٹیفکیٹس حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے کہایہ نظام کئی خاص طور پر حمل اور زچگی سے متعلق معاملات میں عوامل پر مثر کنٹرول کو آسان بنائے گا ۔

(جاری ہے)

مثال کے طور پر اگر کسی خاتون کو نجی اور سرکاری دونوں طبی اداروں کی خدمات درکار ہوں، تو یہ مشترکہ معلوماتی نظام حمل کی مکمل نگرانی کو آسان بنا دے گا۔

بیلا روس میں پائلٹ پروجیکٹس پر بھی کام جاری ہے۔ دمتری لازار کے مطابق پیدائش کے سرٹیفکیٹ کا اجرا جو دیگر دستاویزات کے حصول کے لیے ضروری ہوتا ہے، ایک پیچیدہ عمل ہے، جس میں ہسپتال، سول رجسٹری دفتر اور متعلقہ خاتون شامل ہوتی ہے ۔بچے کی پیدائش کے بعد ان تمام مراحل کو مکمل کرنا آسان نہیں ہوتا، لیکن ڈیجیٹل پلیٹ فارم اس سارے عمل کو سادہ اور تیز بنا سکتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان اقدامات کا مقصد عوام کو سہولت دینا اور ملک بھر میں طبی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے، تاکہ مریضوں کو بروقت اور درست معلومات تک رسائی حاصل ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :