یقین ہے کہ یوکرین تنازع حل ہو جائے گا، امریکی نائب صدر

جمعہ 17 اکتوبر 2025 11:57

یقین ہے کہ یوکرین  تنازع حل ہو جائے گا، امریکی نائب صدر
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین فی الحال امن معاہدے پر دستخط کرنے کے لئے تیار نہیں تاہم ان کا ماننا ہے کہ یہ تنازع بالآخر حل ہو جائے گا۔ روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ فی الوقت ہماری تمام کوششوں کے باوجود روسی اور یوکرینی فریق اس مقام پر نہیں پہنچے جہاں وہ کوئی معاہدہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

مجھے یقین ہے کہ ہم آخرکار اس مقام تک پہنچ جائیں گے لیکن اس کے لئے مزید محنت درکار ہو گی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ کچھ پیش رفت کے باوجود یہ تنازع اس سے کہیں زیادہ پیچیدہ نکلا جتنا امریکی انتظامیہ نے سوچا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اب پابندیوں کی بجائے محصولات کو زیادہ مؤثر ہتھیار سمجھتا ہے۔ قبل ازیں روسی صدر پیوٹن سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ دونوں رہنما جلد ہی ہنگری کے دارالحکومت میں ملاقات کریں گے۔ بعد ازاں امریکی صدر نے وضاحت کی کہ یہ ملاقات ممکنہ طور پر اگلے2 ہفتوں میں ہو سکتی ہے۔