اے ڈی سی جی کی زیرصدارت اجلاس جس میں ضلع میں صوبائی و وفاقی محکموں کی کارکردگی کا مجموعی طور پر جائزہ لیا گیا

جمعہ 17 اکتوبر 2025 13:08

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی ہدایات کیمطابق اے ڈی سی جی ڈاکٹر ارشد وٹو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاک فوج کے کیپٹن عاصم نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مہتاب احمد خان،سپیشل انویسٹیگیشن آفیسر محمد شوکت،سی ای او صحت و آبادی ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ،صوبائی و وفاقی اداروں کے سربراہان و افسران سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

اجلاس کے دوران ضلع میں صوبائی وفاقی محکموں کی کارکردگی کا مجموعی طور پرجائزہ لیا گیا اور اصلاح طلب امور کے فوری حل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اے ڈی سی جی نے محکمہ جات کی کارکردگی و معیار کو جانچنے اور عوام الناس کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنے کے حوالہ سے محکمہ جات کے سربراہان کو خصوصی گائیڈ لائنز جاری کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاک فوج کے کیپٹن عاصم نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں انتظامی امور سمیت لا اینڈ آرڈر کی مجموعی صورتحال کی بہتری کیلئے موثر مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے۔

اس موقع پر ایس پی انویسٹیگیشن محمد شوکت نے ضلع میں لا اینڈ آرڈر کی مجموعی صورتحال بارے شرکائے اجلاس کو آگاہ کیا۔اجلاس میں بین الصوبائی چیک پوسٹ پر انسداد سمگلنگ کیلئے مزید موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا جبکہ کسٹم کے افسران کو نان کسٹمز گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری رکھنے کیلئے بھی ہدایات جاری کی گئی علاؤہ ازیں غیر قانونی آئل ایجنسیوں،غیر قانونی گیس ری فلنگ،ذخیرہ اندوزی،گداگری کی روک تھام اور ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے کئے جانیوالے اقدامات کاجائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی جی ڈاکٹر ارشد وٹو نے کہا کہ ضلع کے عوام کی فلاح و بہبود کے حوالہ سے اٹھائے جانیوالےممکنہ اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے بھرپور کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں اور اس سلسلہ میں تمام دستیاب وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جارہا ہے۔\378

متعلقہ عنوان :