شہر بھر میں خوبصورتی، تزئین و آرائش اور سرسبز ماحول کے فروغ کے لیے جامع اقدامات جاری ہیں، پی ایچ اے راولپنڈی

جمعہ 17 اکتوبر 2025 17:39

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ شہر بھر میں خوبصورتی، تزئین و آرائش اور سرسبز ماحول کے فروغ کے لیے جامع اقدامات جاری ہیں۔ پارکوں اور گرین بیلٹس پر جاری ہارٹیکلچر کا کام عوامی پذیرائی حاصل کر رہا ہے اور شہری خوشگوار تبدیلی محسوس کر رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ اتھارٹی کی ٹیمیں شہر کے مختلف پارکوں، اہم شاہراہوں، گرین بیلٹس اور چوک و چوراہوں کی سجاوٹ اور پھولوں کی افزائش کے کاموں میں مصروف ہیں۔ نرسریز میں خوش رنگ پھولوں اور پودوں کی باقاعدہ نگہداشت کی جا رہی ہے تاکہ موسم کے مطابق بہترین ہارٹیکلچر ڈیزائن شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کریں۔

(جاری ہے)

احمد حسن رانجھا نے کہا کہ رنگ برنگے پھولوں اور ہریالی نے شہر کے ماحول کو نہ صرف دلکش بلکہ خوشگوار بنا دیا ہے۔

شہری تفریحی مقامات پر آ کر خوبصورتی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں جب کہ پی ایچ اے کی جانب سے پارکوں میں سکیورٹی اور تفریحی سہولیات کے بہترین انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کو پنجاب کا سب سے سرسبز و خوبصورت شہر بنانے کے لیے پی ایچ اے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ شہریوں کو محفوظ، صاف اور خوشگوار تفریحی ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈی جی پی ایچ اے نے مزید بتایا کہ شہر میں شجرکاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا اور شہریوں کے لیے صحت مند فضا فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ راولپنڈی کو سبز و شاداب شہر بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :