ہفتہ وار مہنگائی میں مسلسل تیسرے ہفتے اضافہ ریکارڈ

49فیصد اضافے سے 4.57فیصد تک پہنچ گئی‘ ادارہ شماریات

جمعہ 17 اکتوبر 2025 22:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) ہفتہ وار مہنگائی میں مسلسل تیسرے ہفتے بھی اضافہ دیکھا گیا، گزشتہ ہفتے مہنگائی 0.49فیصد اضافے سے 4.57فیصد تک پہنچ گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ملک میں 24اشیائے ضروریہ مہنگی، 8کے نرخوں میں کمی آئی، گندم آٹا، لہسن، آلو، گھی، لکڑی، ایل پی جی مہنگی ہونے والی اشیا ء میں شامل ہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر 33فیصد، پیاز 9فیصد اور انڈے 2فیصد سے زائد مہنگے، ایک ہفتے میں ٹماٹر 82روپے کلو مہنگا، اوسط قیمت 328روپے کلو ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

مختلف شہروں میں ٹماٹر 170سے 420روپے فی کلو تک فروخت کی گئی۔رپورٹ کے مطابق 20کلو آٹے کا تھیلا 30روپے مہنگا، اوسط قیمت 2180 روپے رہی، مختلف شہروں میں 20کلو آٹے کی قیمت 1810سے 2900روپے رہی۔ گزشتہ ہفتے چینی 67پیسے مہنگی، اوسط قیمت 185روپے کلو رہی، بعض شہروں میں چینی کے دام 177سے 200روپے فی کلو رہے۔

زیرجائزہ عرصے کے دوران زندہ برائلر مرغی 6.38فیصد، کیلے 5فیصد تک سستے ہوئے، دال چنا، باسمتی چاول، دال مونگ، پیٹرول اور ڈیزل بھی سستا ہوا، گزشتہ ہفتے میں 19اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا، سالانہ بنیاد پر ٹماٹر 121فیصد، چکن 30فیصد، دال چنا 29فیصد تک مہنگی ہوگئی۔